تل ابیب : صیہونی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق تل ابیب کے نواحی شہر بات یام کی بلدیہ نے ایرانی میزائل حملے کے نقصانات کے ازالے کے لیے ایران کے خلاف 25 کروڑ اسرائیلی شیکل (تقریباً 8 کروڑ ڈالر) ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ یروشلم کی ضلعی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔ جون 2025ء کے حملے میں شہر کے 9 افراد ہلاک اور 178 زخمی ہوئے تھے، جبکہ 160 عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔ ان میں سے 22 عمارتوں کو فوری طور پر منہدم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں ہزاروں شہریوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے تھے۔ بات یام کے میئر تسویکا بروٹ نے مقدمے کی تیاری کے لیے بین الاقوامی وکلا کی ٹیم تشکیل دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مقدمے کی ایک نقل نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے ایرانی مشن کے ایک سفارت کار کو بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کو جواب دینے کے لیے 60 دن دیے گئے ہیں۔ اگر مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کرایا گیا تو بات یام کی بلدیہ عدالت سے یک طرفہ فیصلہ جاری کرنے کی درخواست کر سکتی ہے۔ بلدیہ کی جانب سے معاوضے کی رقم ایران سے متعلق تقریباً 1.1 ارب ڈالر کے ان فنڈز سے وصول کرنے کی امید ظاہر کی گئی ہے جو اسرائیل کے پاس زیرِ تنازع ہیں اور جن کا تعلق انقلابِ ایران سے قبل قائم ہونے والے اسرائیل اور ایران کے مشترکہ تیل پائپ لائن منصوبے سے ہے۔ تاہم اس رقم کی وصولی کا طریقۂ کار ابھی طے نہیں ہوا۔


































