
کوئٹہ : امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ علامہ غلام حسنین وجدانی کی گرفتاری ایک شرمناک عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ غلام حسنین وجدانی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پندرہ سو سے دو ہزار شہداء کے قاتل تاحال نہیں پکڑے گئے ہیں۔ ان کی جانب سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ غلام حسنین وجدانی عالم دین اور ایک شریف انسان ہیں۔ جو اتحاد امت مسلمہ کیلئے بات کرتے ہیں۔ علامہ غلام حسنین نے ہمیشہ پاکستان بچانے اور قوم کو متحد کرنے کی بات کی ہے۔ انہیں بے بنیاد الزام لگا کر ذہنی طور پر ٹارچر کرنا انصاف نہیں ہوسکتا ہے۔


































