
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونی فوجی کی فلسطینی نوجوان کو قریب سے گولی مارنے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائینڈنگ مشن قائم کیا جائے۔ جدہ میں تنظیم کے ہیڈکواٹر سے جاری بیان میں اسرائیلی حکام کو اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل و غارت گری کے نتائج کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹہرایا گیا اور عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن قائم کریں۔او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور سیاسی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ اسرائیل پر ایسی مجرمانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ قابض حکومت کو اس کی تمام خلاف ورزیوں اور نسل پرستانہ پالیسیوں کا جوابدہ ٹھہرائے، اور فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرے۔


































