صنعا: یمن کی مسلح افواج نے آبنائے باب المندب کے جنوب میں سعودی حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے خلاف بڑی فوجی پیش قدمی کرتے ہوئے صوبہ عدن کا مکمل محاصرہ کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جمعے کو یمنی افواج عدن کو صوبہ لحج سے ملانے والی ساحلی پٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں. السقیہ اور رأس العارہ کے علاقوں میں موجود سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کو دو راستے دیے گئے ہیں: یا تو ہتھیار ڈال کر گرفتاری قبول کریں یا اپنے ہتھیار چھوڑ کر علاقے سے نکل جائیں۔
یمنی افواج کی پیش قدمی روکنے کے لیے سعودی لڑاکا طیاروں نے متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ جمعرات کو خراز کیمپ کے قریب مختلف محاذوں پر شدید جھڑپیں ہوئیں۔ خراز کیمپ سعودی حمایت یافتہ جنگجوؤں کا ایک اہم فوجی مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں اسلحے کے متعدد گودام بھی موجود ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق یمنی افواج نے خراز کیمپ اور رأس العارہ سمیت مختلف مقامات پر سعودی فوجی دستوں کے ٹھکانوں کو چھ فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ان کارروائیوں میں براہ راست نشانے لگے اور درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔


































