ترکستان کا بادشاہ لمبی عمر کا خواہاں تھا، وہ مرنا نہیں چاہتا تھا، اس کے طبیبوں نے بتایا کہ ہندوستان کی سرزمین پر چند ایسی جڑی بوٹیاں پیدا ہوتی ہیں جن میں آب حیات کی تاثیر ہے، آپ اگر وہ جڑی بوٹیاں منگوا لیں تو ہم آپ کو ایک ایسی دواء بنا دیں گے جس کے کھانے کے بعد آپ جب تک چاہیں گے زندہ رہیں گے۔
ترکستان کے بادشاہ نے دس لوگوں کا ایک وفد تیار کیا اور یہ وفد ہندوستان کے راجہ کے پاس بھجوا دیا۔ اس وفد میں ترکستان کے طبیب بھی شامل تھے اور بادشاہ کے انتہائی قریبی مشیر بھی۔
وفد نے ہندوستان کے راجہ کو ترک بادشاہ کا پیغام پہنچا دیا۔
راجہ نے پیغام پڑھا، قہقہہ لگایا، سپاہی بلوائے اور وفد کو گرفتار کروا دیا۔
راجہ گرفتاری کے بعد انھیں سلطنت کے ایک بلند و بالا پہاڑ کے قریب لے گیا، اس نے پہاڑ کے نیچے خیمہ لگوایا، ان دس لوگوں کو اس خیمے میں بند کروایا اور اس کے بعد حکم جاری کیا کہ جب تک یہ پہاڑ نہیں گرتا تم لوگ اس جگہ سے کہیں نہیں جا سکتے۔ تم میں سے جس شخص نے یہاں سے نکلنے کی کوشش کی اس کی گردن کاٹ دی جائے گی۔
راجہ نے اپنا فوجی دستہ وہاں چھوڑا اور واپس شہر آ گیا۔
ترکستانی وفد کو اپنی موت صاف نظر آنے لگی، وہ پہاڑ کو اپنی مصیبت سمجھنے لگے، مشکل کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ کے سوا ان کا کوئی مددگار نہیں تھا۔ وہ زمین پر سجدہ ریز ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑانے لگے۔ وہ صرف کھانا کھانے، رفع حاجت یا پھر وضو کرنے کے لیے سجدے سے اٹھتے تھے اور پھر اللہ سے مدد مانگنے کے لیے سجدے میں گر جاتے تھے۔
رسول اکرم (ص) فرماتے ہیں: اگر تم خدا کی معرفت حاصل کر لو تو تمہاری دعائیں پہاڑوں کو بھی اپنی جگہ سے ہٹا دیں گی۔ (میزان الحکمت، ج2، ص43)
اللہ تعالیٰ کو ان پر رحم آ گیا چنانچہ ایک دن زلزلہ آیا، زمین دائیں سے بائیں ہوئی، پہاڑ جڑوں سے ہلا اور چٹانیں اور پتھر زمین پر گرنے لگے۔ ان دس لوگوں اور سپاہیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔
راجہ کے سپاہی ان دس لوگوں کو لے کر دربار میں حاضر ہو گئے، انھوں نے راجہ کو سارا ماجرا سنایا۔
راجہ نے بات سن کر قہقہہ لگایا اور اس کے بعد ان دس ایلچیوں سے کہا؛ آپ لوگ اپنے بادشاہ کے پاس جاؤ، اسے یہ واقعہ سناؤ اور اس کے بعد اسے میرا پیغام دو، اسے کہو: دس لوگوں کی بددعا جس طرح پہاڑ کو ریزہ ریزہ کر سکتی ہے بالکل اسی طرح دس بیس لاکھ عوام کی بددعائیں بادشاہ کی زندگی اور اقتدار دونوں کو خاک میں ملا سکتی ہیں۔ تم اگر لمبی زندگی اور طویل اقتدار چاہتے ہو تو لوگوں کی بد دعاؤں سے بچو، تمہیں کسی دوا، کسی بوٹی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
■ امام زین العابدینؑ فرماتے ہیں:
دعا و بلا قیامت تک برسر پیکار ہیں لیکن دعا یقینی بلا کو ٹال دیتی ہے۔(1)
▪️امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: دعا قضا کو بھی ٹال دیتی ہے، اگرچہ وہ قضا مستحکم ہی کیوں نہ ہوئی ہو، پس کثرت سے دعا کریں۔ کیونکہ دعا تمام رحمتوں کی چابی ہے۔(2)
■ حضرت امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:
اگر کسی نے مصیبت کے آنے سے قبل خوفزدہ ہوکر خدا سے دعا کی تو پروردگار عالم قطعا اسکو اس مصیبت میں مبتلا نہیں کریگا۔(3)
■ حضرت امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:
مؤمن کیلئے غائبانہ دعا رزق کی زیادتی کا سبب اور بلاؤں سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔(4)
■ حضرت امام موسٰی کاظمؑ فرماتے ہیں:
دعائیں کرو، چونکہ خدا کو پکارنا اور اس سے مانگنا بلاؤں کو برطرف کرتا ہے۔ جو چیزیں قضا و قدر میں حتمی ہو چکی ہیں، دعائیں اس کو بھی ٹال دیتی ہیں۔(5)
■ حضرت امام موسٰی کاظمؑ فرماتے ہیں:
جب کوئی شخص دوسروں کے لئے دعا کرتا ہے تو عرش الہٰی سے آواز آتی ہے ۔۔۔ اے دوسروں کے حق میں دعا کرنیوالے! تیرے لیے دو لاکھ فرشتے دعا کریں گے۔(6)
🌹
📚 حوالہ جات
(1) عدةالداعی، علامہ احمد بن فهد حلّیؒ
(2) سفينة البحار، ج3، ص48۔
(3) عدةالداعی، علامہ احمد بن فهد حلّیؒ
(4) عدةالداعی، علامہ احمد بن فهد حلّیؒ
(5) عدةالداعی، علامہ احمد بن فهد حلّیؒ
(6) وسائل الشیعہ، ج4، ص1147۔h


































