
اسلام آباد :حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف مقرر کردیا، جبکہ ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہونگے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ صدر کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کی سمری بھجوادی گئی لہٰذا صدر اس کی توثیق کریں تاکہ کوئی تنازع کھڑا نہ ہو۔ وزیر دفاع نے کہا کہ صدر مملکت کی عمران خان سے مشاورت پر کمنٹ نہیں کروں گا، اس پر ٹویٹ کیا ہے، ائیرفورس،نیوی اور آرمی کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، امید ہے صدر اس چیز کو متنازع نہیں بنائیں گے اور ایڈوائس کی منظوری دے دیں۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز سے آنے والی سمری میں جنرل عاصم منیر کا نام سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر اور ساحر شمشاد کا نام دوسرے نمبر پر تھا۔لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر منگلا ٹریننگ اسکول سے پاس آؤٹ ہوئے اور انہوں نے فوج میں فرنٹئیر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوج کی کمان سنبھالی، انہیں 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس مقرر کیا گیا اور اکتوبر 2018ء میں آئی ایس آئی کا سربراہ بنا دیا گیا تاہم وہ مختصر عرصے کیلئے اس عہدے پر فائض رہے۔


































