تہران: ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ رابطوں اور ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے قطر کی سفارتی سرگرمیاں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
امریکی نشریاتی ویب سائٹ ایگزیوس کے رپورٹر باراک راوید کے مطابق قطری ایلچی علی زوادی تہران پہنچے تھے، جہاں انھوں نے ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ علی زوادی قطر کے ایک سینئر سفارت کار ہیں اور حکومت میں اسٹریٹجک امور کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ قطری وفد تہران میں موجود تھا۔ ان کے مطابق وفد نے تقریباً دو گھنٹے تک بات چیت کی، جس کے بعد وہ قطر واپس روانہ ہو گیا۔
اس سے قبل باراک راوید نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے جمعرات کو برلن میں قطری حکام سے ملاقات کی تھی۔ اسی دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز اور صدر فرینک والٹر اشٹائن مائر کی میزبانی بھی کی۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے آج اخبار ایران کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطر اور عمان کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کے تبادلے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ جواب میں انھوں نے کہا کہ ایسا ضروری نہیں کہ قطر یا کسی دوسرے ملک سے ایران آنے والی ہر پرواز کسی مذاکراتی یا ثالثی مشن کا حصہ ہو۔


































