
واشنگٹن : امریکا اور اس کے اتحادیوں نے روس کو معاشی نقصان پہنچانے کیلئے اس کےتیل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل تک محدود کر دی۔تیل کی قیمت محدود کرنے کا فیصلہ یوکرین پر روسی میزائل حملے جاری رکھنے کے اعلان کے بعدکیا گیا۔ جی سیون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ تیل کی نئی قیمت اور تجارت پر پابندی پیر سے نافذالعمل ہوگی۔ یورپی یونین کو بحری جہازوں کے ذریعے ترسیل ہونے والا روسی خام تیل بھی درآمد نہیں ہو سکے گا جس سے روس کے جنگی وسائل کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوگا۔ امریکا نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی نئی قیمت سے صدر ولادیمیر پوٹن کی یوکرین جنگ کو فنڈز فراہم کرنے کی صلاحیت بھی محدود ہوگی۔ امریکی سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن کا کہنا ہے کہ قیمت محدود ہونے سے کم اور متوسط آمدن والے ممالک کو فائدہ پہنچے گا ۔ جو توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔


































