
صنعا: یونیسیف نے یمن جنگ میں گیارہ ہزار سے زائد بچوں کے مرنے کی تصدیق کردی۔یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے دورہ یمن کی تکمیل پر فریقین سے امن معاہدے کی فوری تجدید کا مطالبہ کیا ۔رسل نے کہا یمن میں ہزاروں بچے مر چکے ہیں جبکہ بھوک اور بیماری کے سبب سینکڑوں ہزاروں کی جانیں داؤ پر لگی ہوئی ہیں یمن کے دو کروڑ بیس لاکھ کم عمر افراد غذائی قلت کا شکار ہیں جن میں ایک کروڑ بچے بھی شامل ہیں۔ ایک کروڑ 78 لاکھ سے زائد یمنی محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی خدمات تک رسائی سے محروم ہیں۔ ملک کا صحت کا نظام برسوں سے انتہائی نازک ہے۔ جنگ کے سبب ایک چوتھائی اسکول مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ جنگ بندی معاہدہ رواں سال اکتوبر کے اوائل میں ختم ہوا اس کے بعد اکتوبر سے نومبر 62 بچے جاں بحق ہوئے اس کے علاوہ جولائی سے ستمبر تک بارودی سرنگیں پھٹنے سمیت مختلف واقعات میں 164 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 74 بچے شامل ہیں۔


































