
نیویارک: ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے غزہ میں اسرائیل کی جاری فوجی کارروائیوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو خطے میں اجتماعی قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ اسپین غزہ کی صورتحال کے ردعمل میں پہلے ہی اسرائیل کے خلاف پابندیوں سمیت متعدد اقدامات کر چکا ہے اور مزید اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے۔
ہسپانوی وزیراعظم حالیہ مہینوں کے دوران غزہ جنگ سے متعلق اسرائیلی پالیسیوں کے نمایاں ناقد رہے ہیں، اس سے قبل ہسپانوی حکومت اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات محدود کرنے اور بعض فوجی تعاون کو روکنے جیسے اقدامات کا اعلان بھی کر چکی ہے۔
پیڈرو سانچیز نے اس سے پہلے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کے دوران غزہ اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، ہسپانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جاری تنازعات کے تناظر میں بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس بھی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

































