
نیویارک : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےکہا کہ قطر اور پاکستان کی ثالثی کی کوششوں سے خطے میں استحکام کی بحالی اور بات چیت اور سفارت کاری کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےکہا کہ خطے کے ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات قائم کرنے کی کوئی بھی کوشش غلبے، اثر و رسوخ یا بحرانوں سے فائدے اٹھانے پر مبنی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار تعلقات کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام پر مبنی ہونا چاہئے۔ انہوں نے آبی گزرگاہوں کو بلیک میلنگ کے آلے کے طور پر استعمال کرنے کو مسترد کرتے ہوئے آبنائے ہرمز، باب المندب، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں جہاز رانی کی آزادی کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔

































