
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنی ای نے ایرانی بحریہ کی جنگی طاقت اور دفاعی سازو سامان کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی سمندر میں کشتی رانی جیسے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یوم بحریہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری افواج کے کمانڈروں اور اعلیٰ اہلکاروں سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہاکہ سمندروں کے مواقع اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ملک میں ایک عمومی ثقافت بن جانا چاہیے۔ انہوں نے قدیم زمانے میں ایرانیوں کے سمندری تجربے کے بارے میں بھی بات کی جس کی وجہ سے اسلامی اور ایرانی ثقافت و تہذیب دنیا کے دوسرے حصوں میں منتقل ہوئی۔ رہبر انقلاب نے کہا کہ مسلح افواج اور حکومت اور دیگر اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے سے تعاون اور پیشرفت میں اضافہ ہوگا۔


































