
لاہور : پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ پر ڈبل گیم کھیلنے کا الزام لگا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی۔ جنرل فیض کو ہٹایا تو اس کے بعد ان کا گیم چل پڑا تھا، میں جب جنرل باجوہ سے پوچھوں تو وہ کہتے تھے کہ ہو ہی نہیں سکتا، ہم تو تسلسل چاہتے ہیں، ہو سکتا ہے مونس الہٰی کو کہا گیا ہو کہ پی ٹی آئی کی طرف جاؤ۔ مگر ق لیگ میں دوسرے کو کہا گیا ہوگا کہ ن لیگ میں چلے جاؤ۔ ان کا عجیب رویہ تھا لیکن اس کا فائدہ نہیں ہوا وہ بے نقاب ہوگئے۔ عمران خان نے کہاکہ جو جنرل باجوہ کہتے میں اس کا بھروسہ کر لیتا تھا۔ ان کے ساتھ گزرے ساڑھے تین برسوں میں پہلی بار معلوم ہوا کہ بھروسہ کرنا کتنی بڑی کمزوری ہے۔ مجھے پتہ ہی نہیں تھا کہ کس طرح مجھے دھوکے دیے گئے، جھوٹ بولے گئے ۔میں نے ایک دن ان سے کہا کہ مجھے کلیئر کردیں آپ اِدھر ہیں یا اُدھر ہیں ، اگر آپ اِدھر نہیں ہیں تو پھر میری اور حکمت عملی ہوگی ، میں اپنے لوگوں کے پاس جاؤں گا۔


































