
راولپنڈی : پاک فوج نے ہندوستان کے اعلیٰ فوجی افسر کا آزاد جموں کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچنگ پیڈ کا دعویٰ بے بنیاد قرار دیدیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔ ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گڑھتی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔


































