تحریر: کامران شیرازی
فوجی ماہرین نے ایران کی جانب سے بحرین میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنائے جانے کو امریکہ کے فضائی دفاعی نیٹ ورک کے ایک اہم حصے پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس کارروائی کے اثرات خطے میں امریکی دفاعی صلاحیت پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر نصب امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈاروں کو سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی فضائیہ کی جانب سے میزائل اور ڈرون کے مشترکہ حملے میں نشانہ بنایا جانا، خطے میں امریکی فوجی ٹھکانوں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ سپاہ کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور امریکہ کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں کی گئی۔ سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اعلان کیا ہے کہ فضائیہ کے اہلکاروں نے "یا ام البنینؑ” کے مبارک رمز کے ساتھ مشترکہ میزائل اور ڈرون آپریشن میں بحرین کے دو فوجی اڈوں پر امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے دوران ان اڈوں پر نصب پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے دو ریڈار بھی نشانہ بنے۔
بحرین میں امریکی فضائی دفاعی نظام کے اہم حصوں پر ضرب
فوجی امور کے ماہر احمد یار محمدی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کی اہمیت صرف دو فوجی آلات کو نشانہ بنانے تک محدود نہیں ہے۔ پیٹریاٹ نظام میں ریڈار فضائی خطرات کی نشاندہی اور ان کا تعاقب کرنے کا بنیادی حصہ ہوتا ہے۔ یہ ریڈار فضائی اہداف کے خلاف کارروائی اور دفاعی نظام کی رہنمائی کے لیے ضروری معلومات فراہم کرتا ہے۔ اسی وجہ سے ان ریڈاروں کو نشانہ بنایا جانا امریکی فضائی دفاعی نظام کے ایک اہم حصے پر ضرب تصور کیا جاتا ہے۔
ریڈار، میزائل لانچر سے زیادہ اہم کیوں ہے؟
پیٹریاٹ نظام فضائی اہداف کی نشاندہی، ان کا تعاقب اور انہیں تباہ کرنے کے لیے باہم مربوط آلات کے ایک مجموعے پر مشتمل ہوتا ہے، جس کا مرکزی حصہ ریڈار ہے۔ ریڈار فضائی اہداف کی شناخت کرتا ہے اور ان کی پوزیشن سے متعلق معلومات کو مسلسل اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے۔ اسی کی مدد سے خطرے کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور دفاعی نظام کو جوابی کارروائی کے قابل بنایا جاتا ہے۔ یار محمدی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عام تصور کے برخلاف پیٹریاٹ محض میزائل داغنے والا ایک لانچر نہیں، بلکہ یہ ریڈار، کنٹرول سینٹر، مواصلاتی آلات اور انٹرسیپٹر میزائلوں پر مشتمل ایک مربوط نظام ہے۔ اس کی مؤثر کارکردگی کا انحصار ان تمام اجزا کے باہمی تعاون پر ہوتا ہے۔ لہٰذا اس نظام کے ریڈار کو نقصان پہنچنا خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ فضائی اہداف کی نشاندہی اور ان کا تعاقب کرنے میں ریڈار بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
امریکی فوج کا ایک مستقل چیلنج
جدید فضائی دفاعی نظاموں کو درپیش اہم چیلنجز میں آلات اور انٹرسیپٹر میزائلوں کی بھاری لاگت اور ان کی مسلسل عملیاتی تیاری برقرار رکھنے کی ضرورت شامل ہے۔ ایسی صورت حال میں، جب فضائی خطرات مختلف نوعیت کے ذرائع سے سامنے آسکتے ہیں، دفاعی حصار برقرار رکھنے کے لیے فعال آلات، مؤثر ریڈار نیٹ ورک اور فوجی اہلکاروں کی مسلسل تیاری ضروری ہوتی ہے۔ فوجی امور کے ایک اور ماہر محسن خداداد نے بھی فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں پیٹریاٹ نظام کے ریڈاروں کو نشانہ بنایا جانا خطے میں امریکی فضائی دفاعی صلاحیت کے ایک حصے کو متاثر کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق اسی بنا پر یہ کارروائی ایرانی مسلح افواج کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بحرین میں پیٹریاٹ نظام کے دو ریڈاروں کو نشانہ بنایا جانا، سپاہ پاسداران کی جانب سے ایران کی دفاعی سرخ لکیروں کے حوالے سے دیئے گئے واضح انتباہ کے ساتھ مل کر یہ پیغام دیتا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور اس کے فوجی آلات کی تنصیب، ایران کے خلاف جارحیت کے نتائج سے انہیں محفوظ نہیں رکھ سکتی۔ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کی کسی بھی ملک یا جارح قوت کی جانب سے خلاف ورزی کا جواب سخت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔ یہ پیغام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایران کی حکمت عملی جارحیت کا جواب دینے اور خطے میں جارح قوتوں پر اس کی قیمت عائد کرنے کے اصول پر قائم ہے۔

































