
کابل: طالبان نے ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران ایک ہی خطبہ دینے کا حکم دے دیا۔ طالبان کی وزارت حج اور اوقاف نے ملک کی تمام مساجد کے مبلغین کو احکامات جاری کئے ہیں کہ نماز جمعہ کے دوران ایک ہی خطبہ دیا جائے اور طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی فتح کے لیے لازمی دعا کرائی جائے۔ وزارت حج و اوقاف کے مطابق مساجد کے آئمہ اور مبلغین کے لیے ایک متفقہ خطبہ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں خطبہ کے ستون، روایات اور آداب کو دیکھا گیا ہے۔ متفقہ خطبے کی منظوری امارت اسلامیہ افغانستان کی اتھارٹی نے دی ہے۔وزارت حج و اوقاف نے امیر کے لیے لازمی دعا کرنے سے متعلق موقف دیا کہ جمعہ کے خطبہ میں آداب اور مستحبات ہیں جن میں سے ایک امیر اور حاکم وقت کے لیے نیک دعا، اس کی ثابت قدمی اور اپنے دشمنوں پر فتح ہے۔


































