
بیجنگ: چین میں کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کا سلسلہ کئی شہروں تک پھیل گیا۔مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں عمارت میں جان لیوا آتشزدگی سے شروع ہونیوالے احتجاج نے بیجنگ اور شنگھائی سمیت کئی شہروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ مظاہرین نے کووڈ پالیسی کو حکومتی کھیل قرار دیتے ہوئے سخت لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیجنگ میں ایک ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکلے اور کورونا پابندیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ شنگھائی میں بھی سینکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا اور کورونا پابندیاں ختم کرنے کے حق میں نعرے لگائے۔ پولیس نے لاؤڈ اسپیکر پر سڑکیں خالی کرنےکے اعلانات کیے پولیس نے مظاہرین کو اہم عمارتوں سے دور رکھنے کیلئے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں۔ چین کی صورتحال کا اثر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس پر بھی پڑا ہے اور چین، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، جاپان اور آسٹریلیا کی اسٹاک مارکیٹس چار فیصد تک نیچے آگئیں۔


































