
خرطوم : سوڈان میں فوجی قیادت نے اقتدار سول حکومت کو منتقل کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کردئے۔ سوڈان میں مطلق العنان صدر عمر البشر کو2019 میں فوج نے بیدخل کردیا تھا جس کے بعد سے ملک میں سیاسی بحران جاری ہے فوجی قیادت اور سیاسی جماعتوں نے فریم ورک سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔اس کے نتیجے میں دوسال کے لیے سول حکومت قائم کی جائے گی۔وہ انتخابات کے انعقاد کاانتظام کرے گی۔
اس سمجھوتے پر عمل درآمد سے سول انتقال اقتدار کی راہ ہموار ہوگی اور اکتوبر2021 میں فوج کی سویلین کی بالادستی والی حکومت کے خلاف بغاوت کی وجہ سے پیدا ہونے والے تعطل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ابتدائی سمجھوتے کے مطابق فوج کو سکیورٹی کے کردار تک محدود کردیا جائے گا اور وزیراعظم کی سربراہی دفاعی کونسل قائم کی جائے گی لیکن عبوری انصاف اور سلامتی کے شعبے میں اصلاحات سمیت حساس معاملات کو مزید مذاکرات تک مؤخر کردیا گیا ہے۔معاہدے کوپہلے ہی سابق صدرعمرالبشیر کے وفادار دھڑوں اورفوج مخالف احتجاجی گروپوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


































