
کابل : افغان دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفارتی حکام پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا۔ کابل میں فائرنگ اس وقت ہوئی جب ناظم الامور چہل قدمی کر رہے تھے۔ تین گولیاں لگنے سے ناظم الامور کا گارڈ زخمی ہو گیا۔جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ناظم الامور اور دیگر حکام کو وقتی طور پر پاکستان واپس بلایا جا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اور واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا، افغان حکام نے سیکیورٹی یقینی بنا نے کی یقین دہانی کرائی۔ کابل میں سفارتخانے کی سیکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ادھر کابل میں سیاسی تنظیم حزب اسلامی کے دفتر کے قریب مسجد پر خودکش حملے میں گلبدین حکمت یار کا محافظ ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔


































