تہران : ارجنٹینا کی جانب سے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے فیصلے کے جواب میں ایرانی وزارت خارجہ نے ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ کو ’دہشت گرد تنظیمیں‘ نامزد کر دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ 2019 میں منظور کیے گئے ’باہمی کارروائی‘ کے قانون اور باہمی جواب دینے کے اصول کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تہران کے اس اقدام کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تمام نتائج کی ذمہ داری ارجنٹینا کی حکومت پر عائد ہو گی۔ ارجنٹینا کی حکومت نے رواں برس اپریل میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ ارجنٹینا 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی سینٹر ’امیا‘ پر ہونے والے بم حملے کا ذمہ دار ایران اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو ٹھہراتا ہے۔ اس حملے میں 85 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ ایران مسلسل اس بم حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا آیا ہے۔


































