
تل ابیب: اسرائیل میں دو بم دھماکوں میں ایک صیہونی ہلاک اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں دھماکے یروشلم میں ہوئے۔ ایک دھماکہ یروشلم اسٹیشن کے خارجی دروازے کے قریب ہوا،جس میں 12 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ دوسرا دھماکہ ایک بس اسٹیشن کے نزدیک بس کو ہدف بناتے ہوئے کیا گیا۔ یہ دھماکا بس سے تھوڑے فاصلے پر ہوا۔ اس دوران تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ اسرائیلی پبلک سکیورٹی کے وزیر نے ان دھماکوں کو حملوں کا نام دیا ہے۔ اس سے پہلے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی بچہ شہید اور چار فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔


































