
استنبول: پاکستان اور ترکیہ نے انسداد دہشت گردی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ استنبول میں پاکستان اور ترکیہ کے تعاون سے تیار کردہ بحری جہاز ملجم کی تقریب رونمائی ہوئی ۔ اس موقع پر ترک صدر طیب اُردوان اور پاکستانی وزیراعظم شہبازشریف نے جہاز کی تیاری کے منصوبہ کو دو طرفہ مضبوط دفاعی تعلقات کا عکاس قراردیا ۔ ترک صدر نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں۔ دو طرفہ دفاعی تعاون باہمی تاریخی تعلقات کا اہم ستون ہے، دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ پاکستان کے ساتھ دفاع سمیت ہر شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ پاکستان اور ترکیہ مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت اور تمام عالمی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دنیا کو آج متعدد تنازعات کا سامنا ہے، اگر امن سے رہنا ہے تو جنگ کیلیے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے روس یوکرین گندم برآمد معاہدے پر ترکیہ کے صدر کا کردار قابل ستائش قرار دیا۔


































