نیویارک : نیویارک کی ایک جیوری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندانی کاروبار کو ٹیکس فراڈ کا مجرم قرار دے دیا۔ نیویارک کی 12 رکنی جیوری نے 6 ہفتے ٹرائل کے بعد فیصلہ سنادیا ہے۔ جیوری کی سماعت میں ڈونلڈ ٹرمپ پیش نہیں ہوئے۔ سماعت میں ٹرمپ آرگنائزیشن اور ٹرمپ پے رول کارپوریشن کو تمام معاملات میں ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ دونوں اداروں کو دھوکادہی اور کاروباری ریکارڈ میں غلط ردوبدل کر کے ٹیکس سے بچنے کے لیے 13 سالہ سکیم چلانے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ ججوں نے استغاثہ سے اتفاق کیا کہ ٹرمپ آرگنائزیشن جو فی الحال ان کے دو بیٹے ڈونلڈ جونیئر اور ایرک ٹرمپ چلا رہے ہیں نے 2005 اور 2021 کے وسط میں اعلٰی عہدیداروں کو ادا کیے گئے معاوضے کو چھپایا۔ ٹرمپ آرگنائزیشن کے چیف فنانشل افسر کے طور پر خدمات انجام دینے والے 75 سالہ ویسلبرگ نے ٹیکس فراڈ کے 15 الزامات میں جرم قبول کیا تھا۔ اور عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ آرگنائزیشن میں اپنے عہدے کا استعمال ٹیکس چوری اور خود کو مالا مال کرنے کے لیے کیا۔ دھوکا دہی پر ٹرمپ آرگنائزیشن کو 16 لاکھ ڈالر جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

































