
عمان : اردن میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پرتشدد مظاہروں کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں شروع کردی گئیں۔ اردن کے جنوب میں واقع کئی صوبوں میں ٹیکسی۔ ٹرک اور بس ڈرائیوروں نے دس دن سے مہنگے ایندھن کے خلاف ہڑتال کررکھی ہے۔ تاجر بھی احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں۔ مظاہرین نے پرتشدد احتجاج کیا جس میں ڈپٹی پولیس چیف کرنل عبدالرزاق ہلاک اور اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ پرتشدد احتجاج کو کچلنے کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پرکریک ڈاؤن شروع کردیا ہے اور درجنوں افراد کوحراست میں لے لیا۔ حکام نے 44 گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔


































