
واشنگٹن : امریکا نے مشرق وسطیٰ اور افریقا میں چین کے بڑھتے روابط کو اپنے لئے شدید خطرہ قرار دیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کے اقتصادی مفادات براعظم افریقا، لاطینی امریکا، وسط ایشیا اور مشرق وسطی جیسے خطوں میں پھیل رہے ہیں۔ وہ اپنے بیرون ملک لاجسٹکس اور اڈوں کے انفراسٹرکچر کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ فوج کو زیادہ سے زیادہ فاصلے پر اپنی طاقت کوبروئے کارلانے اور برقرار رکھنے کی اجازت دے سکے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چین اور اسکی فوج نے گذشتہ سال کے دوران مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ رابطے کی کوششوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی پیشن گوئی کی گئی ہے کہ 2035ء تک چین کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد تین گُنا سے بڑھ جائے گی اور یہ تعداد 1500 تک ہوجائے گی۔ چین اپنے بیلسٹک میزائلوں کو جدید بنانے کے لیے بھی کام کررہا ہے۔


































