
اسلام آباد : پاکستان نے ایک بار پھر ہندوستان کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے گذشتہ سال لاہور بم دھماکے میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کو ملوث قرار دیا اورکہا کہ ہندوستان پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے۔ لاہور دھماکے میں ملوث کئی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خفیہ ایجنسیز نے دہشت گردی کے واضح ثبوت پکڑے ہیں، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ثبوت بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کریں گے۔ ہندوستانی ایجنٹس کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت عرصے سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے، دہشت گردی کو کوئی بھی واقعہ ہو بھارت اس میں کسی نہ کسی انداز میں شامل رہا ہے، پاکستان میں مساجد اور امام بارگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں، ہم ہر روز نئی صورتحال سے دو چار ہوتے ہیں، پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔


































