
تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے اجلاس میں امریکی زیر قیادت قرارداد کی منظوری کی شدید مذمت کی اور اسے قانونی تقاضوں سے عاری سیاسی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قرار داد کی منظوری اقوام متحدہ کے چارٹر پر شب خون مارنے کے مترادف ہے جس سے عالمی ادارے میں ایک غلط طریقہ کار وجود میں آئے گا۔ انہوں نے امریکا کی بد نیتی پر مبنی مہم کو واشنگٹن کی جانب سے عالمی ادارے پر اپنے یکطرفہ سیاسی مطالبات مسلط کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ادھر ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرمی نے کہاکہ دنیا کی خواتین قیدیوں کا ایک تہائی حصہ امریکا میں ہے۔ 2015 سے لے کر اب تک کم از کم 250 خواتین کو امریکی پولیس نے سڑکوں پر اور بغیر کسی مقدمے کے قتل کیا ہے۔ 26 سالہ حاملہ خاتون لیونا ہیل ان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے امریکا اور مغربی ملکوں کے دُہرے معیار پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا نے خواتین کی حیثیت سے متعلق کمیشن میں ایران کی برطرفی پر زور دیا۔


































