
نیویارک : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ چینی صدر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپسی کی دانش مندانہ اور ذمہ دارانہ حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے کا چینی صدر کا بیان قابل قدر ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران بھی اسی مؤقف کی حمایت کرتا ہے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی جانب واپسی کو اہم سمجھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے سے طے شدہ وعدوں کا احترام اور سنجیدہ، با مقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ مسعود پزشکیان کے مطابق خود مختاری کے احترام، کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے تہران اور بیجنگ کے درمیان ہم آہنگی مستقبل میں تعمیری تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

































