
اسلام آباد: پاکستانی افواج نے افغانستان میں دو مقامات پر مبینہ ’عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں‘ کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ اطلاعات کی جانب سے ایکس پر بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ’غضب للحق‘ کے تسلسل اور شدت پسندوں، ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے شدت پسند تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر منصوبہ بندی کے ساتھ فضائی حملے کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان میں دو مقامات پر موجود شدت پسندوں کے ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی انتہائی درستی کے ساتھ انجام دی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اہداف کو کامیابی سے تباہ کر دیا گیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں 22 مبینہ شدت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ وزارتِ اعطلاعات کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں وہاں موجود بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوا ہے۔

































