
کابل : افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان خود جنگوں کا شکار رہا ہے، اس لیے وہ کسی بھی ملک میں بد امنی یا عدم استحکام نہیں چاہتا۔ افغان میڈیا ادارے طلوع نیوز کے مطابق قومی ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان کی پالیسی، حکمتِ عملی اور مفادات کا تعلق دوسرے ممالک میں بد امنی پھیلانے سے نہیں ہے۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ افغان سر زمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان یہ نہیں چاہتا کہ اس کی سر زمین سے کسی ملک کو نقصان پہنچے یا وہ عدم تحفظ کا شکار ہو، اور ہم پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ یہ افغانستان کی پالیسی نہیں۔ طالبان حکومت کے ترجمان نے زور دیا کہ افغانستان کے ذریعے علاقائی رابطوں کا فروغ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔


































