
راولپنڈی: بلوچستان کےعلاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 9 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کوہلو میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کیخلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔ انٹیلیجنس ایجنسیاں 30 ستمبر کو کوہلو بازار میں دھماکہ کے بعد سے ان دہشت گردوں کی تلاش میں تھیں۔ دھماکے میں دو راہگیر شہید اور 19 زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گرد علاقہ میں اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ دہشت گرد بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں کو بھی نشانہ بناتے تھے۔دہشت گرد اب کوہلو، کاہان اور میوند میں حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔


































