
واشنگٹن: امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے تہران کو اپنی یورینیم افزودگی کی صلاحیت میں نمایاں اور عملی کمی کرنا ہوگی۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اب بھی ایران کے صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہے، تاہم جنگ کے خاتمے کے لیے صرف مستقبل میں افزودگی کم کرنے کے وعدے کافی نہیں ہوں گے بلکہ ایران کو اپنی موجودہ صلاحیتوں میں نمایاں کمی کرنا ہوگی۔
الاسکا میں ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت کے بعد روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ کو ابھی یہ یقین نہیں کہ تہران جوہری مذاکرات کے حوالے سے کس سمت میں پیش رفت کرے گا اور اس کے حتمی فیصلے کیا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس تنازع کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور واشنگٹن اسی ہدف کے حصول کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس نے 2028 کے صدارتی انتخابات میں ممکنہ امیدوار ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی پوری توجہ آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔


































