
ریاض : چین عرب سربراہ کانفرنس میں مسئلہ فلسطین کے حل اور بیجنگ کے ساتھ شراکت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں چین عرب سربراہ کانفرنس برائے تعاون وترقی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی زیرصدارت ہوئی۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں بہتر مستقبل کے لیے مکمل تعاون اور مشترکہ ترقی کے حصول کےلیے اسٹریٹیجیک شراکت پرزور دیا گیا۔ اعلامیہ میں یوکرین بحران کے سیاسی حل۔ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل۔ غربت کے خاتمے کے حوالے سے مشترکہ تعاون امن ترقی سمیت 24 سفارشات پیش کی گئیں۔ طے کیا گیا کہ نئے دور کی سمت میں آگے بڑھنے اور چین عرب سماج کی تشکیل کےلیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ عرب ممالک متحدہ چین کے حصول کے پابند تھے اور رہیں گے۔ مختلف حوالوں سے چین اورعرب ممالک کے درمیان لین دین کو فروغ دیا جائے گا اورمشترکہ ترقیاتی چیلنجوں سےنمٹا جائے گا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے منشور میں مذکور مقاصد اوراصولوں کی پابندی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔بین الاقوامی قانون اور کثیر فریقی جدوجہد پرمبنی عالمی نظام کے تحفظ کےلیے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ اہم مفادات سے تعلق رکھنے والے مسائل کے سلسلے میں فریقین ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی مشاورت اورتعاون جاری رکھیں گے۔


































