
جنین: صیہونی فوج نے چند گھنٹوں میں مزید چار فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ صیہونی فوج نے جنین اور قریبی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ اور گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ مچائی جس پر مقامی فلسطینیوں نے مزاحمت کی۔ فوجیوں نے مظاہرین پر انتہائی قریب سے گولیاں چلائیں جس سے تین نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ جن کی شناخت طارق االدیمج۔ صدیقی ذکرنہہ اور عطا شلبی کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ سے 16 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ اسرائیلی فوجیوں نے موقع پر پہنچنے والی ایمبولینس پر بھی گولیاں برسائیں۔ اس سے کچھ دیر قبل رام اللہ میں صیہونی فوجیوں نے تعاقب کے بعد 32 سالہ مجاہد محمود حمید کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ فوجیوں نے الزام لگایا کہ فوجی چوکیوں پر حملوں میں ملوث تھا۔ شہید نے قبضے کے خلاف مزاحمت پر نو سال سے زیادہ اسرائیلی جیلوں میں گزارے تھے۔ رواں سال اب تک صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید فلسطینیوں کی تعداد 219 ہو گئی ہے۔


































