
وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان ہمسایوں کے گھر میں آگ لگائے گا تو شعلے اس تک بھی پہنچیں گے۔ لاہور جوہر ٹاؤن کا واقعہ ہندوستان کی طرف سے پلان کیا گیا اور حکومت پاکستان اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائے گا۔ خطے میں سب سے زیادہ نقصان دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو ہوا اور ہندوستان سے بہتر کسی ملک نے دہشت گردی سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ بھارت کیخلاف ڈوزیئر تیار کرلیا اسے سلامتی کونسل اراکین اور یو این سیکریٹری جنرل سے بھی شیئر کیا جائے گا۔ بھارت سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل کرنے سے ہمیشہ انکاری رہا، بھارت جو خود کرتا ہے اسکا الزام دوسروں پر لگاتا ہے، بھارت کا ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام میں مسلسل کردار ہے جبکہ سی پیک کو سبوتاژ کرنا بھی اسکی حالیہ مثال ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت بلوچ دہشت گرد تنظیموں کی کھلم کھلا مدد کرتا ہے جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ، لاہور واقعہ اور کلبھوشن یادیو کا کیس بھارت کی دہشت گردی کی مثال ہے۔


































