بیجنگ : پاکستان کے خلائی سفر کا خواب پورا ہو گیا، اور پہلا پاکستانی محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گیا۔
چینی خلائی مشن شین ژو 24 نے کامیاب لانچنگ کی، اور خلائی جہاز کچھ دیر بعد چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچ گیا، یہ مشن بے مثال پاک چین دوستی کی علامت ہے، جس میں زمین سے خلا تک باہمی تعاون کا شان دار آغاز ہو گیا ہے۔
چینی مشن شین ژو 24 کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے جڑ گیا ہے، خلائی جہاز ساڑھے 3 گھنٹے کے سفر کے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوا۔
چین کے جی چوان خلائی مرکز سے شین ژو 24 مشن کی پرواز نے صبح 5 بجکر 18 منٹ پر اڑان بھری، اور لانگ مارچ 2 ایف راکٹ نے مشن کو مدار میں پہنچایا۔
پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی 2 چینی خلابازوں کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے، ذیشان پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خلائی مشن میں شامل ہیں، اور وہ چینی خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ میں مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
یہ پہلے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی تاریخی خلائی پرواز ہے، ذیشان نے خلائی جہاز میں سوار ہونے سے پہلے قوم کو سیلوٹ کیا، اور پھر سوا ہو گئے۔ ذیشان نے روانگی سے قبل پریس بریفنگ میں کہا ’’خلا کا یہ سفر مجھ سمیت پورے پاکستان کا اعزاز ہے، خلا میں پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہا ہوں۔‘‘
پاکستانی اور چینی خلابازوں کی تاریخی پرواز سے قبل الوداعی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال بھی شریک ہوئے۔

































