واشنگٹن: قطر کا کہنا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ بات قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد کہی۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات قطر اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے فریم ورک کے تحت منعقد ہوئی۔
ملاقات کے بعد جاری سرکاری بیانات کے مطابق دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی شعبوں میں تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ قطری وزارتِ خارجہ کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک نے ’بین الاقوامی آبی راستوں میں جہاز رانی کی آزادی کی اہمیت‘ پر زور دیا۔ قطر ایران اور امریکہ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے اب تک دونوں فریقوں کے سامنے مختلف تجاویز اور منصوبے پیش کر چکا ہے۔
قطر کا کہنا ہے کہ حالیہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدے داروں نے کشیدگی کم کرنے، خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے، اور سفارتی کوششوں و باہمی رابطہ کاری کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

































