
راولپنڈی: جنرل عاصم منیر نے 17 ویں سپہ سالار کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کمان سونپ دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، یادگار شہدا پرحاضری کے بعد پاک فوج کی مختلف رجمنٹس کے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی اور اس دوران قومی نغموں نے شرکا کے جوش و ولولے میں اضافہ کیا۔ جنرل باجوہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور اُنھیں ان کی اپنی رجمنٹ 16 بلوچ نے سلامی پیش کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں آخری خطاب میں فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے محدود وسائل کے باوجود دہشتگردی اور بیرونی خطرات سے پاکستان کو محفوظ رکھا ہے۔ جنرل باجوہ نے اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور صدر عارف علوی سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔


































