
تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی میزبانی کے نتائج سے خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ ابوظہبی میں نیتن یاہو کا خفیہ دورہ بھاری قیمت کا باعث بنے گا۔ محسن رضائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ جس طرح امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی سے متحدہ عرب امارات کو سکیورٹی حاصل نہیں ہوئی، اسی طرح غزہ کے قصاب کی میزبانی کے بھی اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ جنگ سے سبق سیکھیں، جنگیں بھڑکانا بند کریں اور ایرانی جزائر کے بارے میں بے بنیاد دعوے کرنے سے باز رہیں۔
متحدہ عرب امارات نے پیر کو تصدیق کی تھی کہ نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ابوظہبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ سرکاری اماراتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور سفارتی روابط کو مضبوط و فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

































