
تہران : ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی عوام کے نام پچیس صفحات پر مشتمل کھلا خط جاری کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت اور اسرائیل کی حمایت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے تہران میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پُرامن بقائے باہمی ممکن ہے، تاہم اس کے لیے امریکا کو اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔ انہوں نے امریکی عوام پر زور دیا کہ وہ بیرونِ ملک جنگوں اور اسرائیل کی حمایت سے متعلق حکومتی پالیسیوں کی مخالفت کریں اور ٹرمپ کی جنگی کارروائیوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے ان کی مذمت کریں۔ حسین محبی نے صدر ٹرمپ کو ناقابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی عوام کو خطے کی صورتِ حال سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے ٹرمپ حکومت پر جنگی کارروائیوں اور معاشی پابندیوں کے ذریعے ایران پر دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکا اپنی فوجی مداخلت اور جنگی کارروائیاں بند کرے۔

































