تہران : ایرانی ویب سائٹ فرہیختگان آن لائن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو دی گئی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے واقعات کی ترتیب الٹ کر پیش کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال مارچ سے جنگ جاری ہے اور ابھی ختم نہیں ہوئی کہ اسے دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے گزشتہ شب بھی خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے اور ایک اور MQ-9 ڈرون مار گرانے کے ذریعے اپنی جنگی تیاری کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ میں ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جہازوں کو ڈبونے کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کو گزشتہ راتوں کے واقعات اور ان آئل ٹینکروں کے مالکان سے معلومات لینی چاہئیں جنہوں نے ایران کی قوت آزمانے کی کوشش کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ ایران کی بحریہ کی تباہی کے دعوے بھی کر رہے ہیں، تاہم انہیں آبنائے ہرمز اور دو سمندروں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی ایرانی بحریہ کی صلاحیت کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ رپورٹ کے اختتام پر ٹرمپ کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ ان حقائق کو تسلیم نہیں کرتے تو سمندر کی طرف دیکھیں، جس کی قیمت مزید آئل ٹینکروں کو چکانا پڑ سکتی ہے۔

































