صنعا: یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی عرب کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ مکہ مکرمہ کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یمن کی جانب سے اسلام کے مقدس ترین مقام مکہ مکرمہ کو کوئی خطرہ نہیں، بلکہ اصل خطرہ سعودی حکومت کی طرف سے ہے۔
بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اپنے ٹیلی گرام چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کردہ بیان میں یہ بات کہی۔ ان کا یہ بیان سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے صوبہ مکہ مکرمہ کے لیے مختصر دورانیے کا خطرے کا الرٹ جاری کرنے اور چند لمحوں بعد اسے واپس لینے کے بعد سامنے آیا۔یحییٰ سریع نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں، سوائے مجرم آل سعود حکومت کے۔ یمنی عوام ہی وہ لوگ ہیں جو مکہ مکرمہ اور تمام اسلامی مقدس مقامات کا تقدس کرتے ہیں۔ مکہ کے علاقے میں خطرے کی موجودگی کے حوالے سے سعودی دشمن جو پروپیگنڈا کر رہا ہے، وہ ایک بہت بڑا اور سنگین جھوٹ ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یمنی مسلح افواج کی جوابی کارروائیاں سختی سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات اور فوجی اڈوں تک محدود ہیں۔ سعودی جارحیت کے جواب میں ہماری کارروائیوں کا ہدف اس کی تیل تنصیبات اور فوجی اڈے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یمن نے ہمیشہ اپنے جائز فوجی جوابی اقدامات کا بروقت اور واضح اعلان کیا ہے اور اسے کسی قسم کے فریب یا دھوکہ دہی کی ضرورت نہیں۔

































