اسلام آباد: انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی کی سربراہی میں، ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ سید ساجد علی نقوی ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
وفد میں انجمنِ امامیہ بلتستان کے سینئر نائب صدر حجت الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی اور سیکرٹری جنرل محمد نذیر شگری بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران قومی و ملی امور، ملتِ تشیع کو درپیش مسائل، اجتماعی حقوق، گلگت بلتستان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قومی و ملی مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور اجتماعی مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر رابطہ کاری، باہمی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وفد نے قومی و ملی معاملات میں باہمی ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ کردار کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انجمنِ امامیہ بلتستان کی قیادت کی کوششوں اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے بالخصوص بلتستان میں اتحاد بین المسلمین کی فضا برقرار رکھنے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں انجمن کے ذمہ داروں کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔


































