مناما : بحرین میں شیعہ علماء کے خلاف کارروائیوں پر مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ بحرینی عالم دین شیخ عادل الشعلہ نے آیت اللہ شیخ حسین معتوق کو سنائی گئی سزائے موت کو طاغوتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہل بیتؑ کے پیروکاروں کے خلاف کارروائیاں دراصل ایک سیاسی اور صیہونی جنگ کا حصہ ہیں، جسے عربی رنگ دیا جا رہا ہے۔ شیخ عادل الشعلہ نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین میں نماز جمعہ کو براہِ راست نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق درجنوں علماء کو مبینہ طور پر جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا، جبکہ بڑی نماز جمعہ سمیت متعدد مذہبی اجتماعات کو سکیورٹی اور فوجی طاقت کے ذریعے روک دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام آئمہ جمعہ کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب تک 109 نماز جمعہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ شیخ عادل الشعلہ نے بحرین، متحدہ عرب امارات اور کویت میں شیعہ علماء کی گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کے ذریعے ان پر دباؤ ڈالنے کی بھی مذمت کی۔


































