بغداد : عراقی فورسز نے بغداد کے جنوب میں واقع شہر جرف الصخر میں تعیناتی شروع کردی ہے۔ یہ شہر ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کتائب حزب اللہ کے زیر کنٹرول تھا۔یہ پیش رفت شیعہ رہنماؤں کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ہوئی ہے۔
اس سے چند روز قبل ایران کی القدس فورس کے سربراہ بغداد پہنچے تھے۔ جمعے کو عراقی پرچم لہراتے ہوئے فوجی گاڑیوں کا ایک قافلہ جرف الصخر کی جانب روانہ ہوا، جبکہ سینکڑوں فوجیوں نے شہر کے مضافات میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں۔ شہر کے اندر اب بھی کتائب حزب اللہ کے زرد رنگ کے جھنڈے لہرا رہے ہیں، تاہم تنظیم کے ارکان کہیں دکھائی نہیں دیے۔ علاقے میں ایک سکیورٹی ہیڈکوارٹر قائم کیا جائے گا جو شہر کا کنٹرول منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کرے گا۔ اس کے تحت توانائی کی تنصیبات کی حفاظت کے لیے بھی ایک یونٹ تعینات کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ معاہدے کے تحت کتائب حزب اللہ کے ارکان عراق کے دیگر علاقوں میں منتقل ہوجائیں گے۔
العربیہ کے ذرائع کے مطابق یہ انخلاء ایک ماہ کے دوران مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ عراقی فوج، وفاقی پولیس، انرجی پولیس اور پاپولر موبلائزیشن فورسز (الحشد الشعبی) کے یونٹس پر مشتمل ایک مشترکہ کمان شہر کا کنٹرول سنبھال رہی ہے۔


































