ماسکو: ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی نے کریملن میں ایک ملاقات کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن تک ولی امر مسلمین آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل محسن رضائی نے بتایا کہ انہوں نے ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے بعد کے حالات میں علاقائی سیکیورٹی کے انتظامات، جارحیت کے خاتمے کے لیے ماسکو کی حمایت اور توانائی و ٹرانزٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان منصوبوں میں روس سے ایران تک گیس پائپ لائنوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ محسن رضائی نے کہا کہ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی خواہش تھی کہ یہ پیغام جلد از جلد صدر پیوٹن تک پہنچا دیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے جواب میں روسی صدر نے رہبرِ انقلاب کے لیے اپنے پرجوش اور مخلصانہ سلام بھیجے ہیں۔محسن رضائی کے مطابق صدر پیوٹن نے ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری کی مذمت کی اور ایران کے خلاف اس جنگ کو غیر منصفانہ قرار دیا۔ محسن رضائی کے مطابق روسی صدر نے اس جارحیت کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔


































