تہران: ایران میں ولی امرمسلمین کے انتخاب اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کونسل مجلسِ خبرگان رہبری نے ایک بیان میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے دستبردار ہونے اور ایران کے دفاعی نظریے پر نظرِ ثانی پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این پی ٹی سے علیحدگی اور دشمن کو باز رکھنے کے لیے ضروری دفاعی قوت پیدا کرنے کے لیے دفاعی نظریے میں تبدیلی پر غور کرنا اب ایک ناگزیر ضرورت اور عوامی و قومی مطالبہ بن چکا ہے۔
مجلسِ خبرگان رہبری نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ملک کی مسلح افواج فوری اور مؤثر جواب دیں گی جس پر کوئی جغرافیائی پابندی نہیں ہوگی۔ ادارے نے مختلف اداروں اور قوتوں کی شمولیت کے ساتھ، اور رہبرِ اعلیٰ کے دفتر کی نگرانی میں، ایک وار اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دشمن کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے پر زور دیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں کئی ایرانی حکام اور اراکینِ پارلیمان ملک کی جوہری پالیسی پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں، جبکہ بعض نے کھل کر ایران کے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی ضرورت کا بھی اظہار کیا ہے۔ ان میں تہران کے قائم مقام امامِ جمعہ محمد جواد حاج علی اکبری بھی شامل ہیں، جنھوں نے 28 اکتوبر کو جوہری نظریے میں تبدیلی کو قومی مطالبہ قرار دیا تھا۔

































