تل ابیب: اسرائیلی عدالتوں نے غزہ سے تعلق رکھنے والے 14 فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی کے لیے دائر درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ ان ڈاکٹروں کو بغیر کسی فردِ جرم اور مقدمے کے اسرائیلی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم فزیشنز فار ہیومن رائٹس اسرائیل (PHRI) کے مطابق اسرائیلی سپریم کورٹ نے 14 فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی کی درخواست مسترد کردی، جن میں اسپتالوں کے ڈائریکٹرز اور مختلف اہم شعبوں کے ماہر ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ تنظیم نے بتایا کہ اسرائیل کی لود ڈسٹرکٹ کورٹ نے شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا آزادانہ طبی معائنہ کرانے اور انہیں دوسری طبی رائے حاصل کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا ہے، حالانکہ ان کی میڈیکل رپورٹس میں تشویش ناک علامات سامنے آئی ہیں۔


































