ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی کے الزامات کے تحت دو شیعہ نوجوانوں کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں افراد کو ہفتے کو مشرقی صوبے میں سزائے موت دی گئی۔
سزائے موت پانے والوں کی شناخت فاضل بن حسن بن عبداللہ الصفوانی اور جواد بن عبداللہ بن علی قريریص کے نام سے ہوئی ہے سعودی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں افراد پر بیرونی دہشت گرد تنظیم میں شمولیت، سکیورٹی اہلکاروں اور گاڑیوں پر فائرنگ، اسلحہ و زندہ گولہ بارود رکھنے اور مملکت میں دہشت گرد کارروائیوں کی مالی معاونت کے الزامات تھے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر دونوں کو تعزیری موت کی سزا سنائی تھی، جسے اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے برقرار رکھا، بعد ازاں شاہی حکم کے تحت سزا پر عمل درآمد کیا گیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق جواد قريریص 2011 اور 2012 کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے وقت صرف 14 یا 15 سال کے تھے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ری پرائیو (Reprieve) کے مطابق جواد قريریص کو دسمبر 2020ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور سوشل میڈیا پر سرگرمیوں سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ جواد سے تشدد کے ذریعے اعترافِ جرم کروایا گیا۔ ان کے خاندان نے بھی جھوٹا اعتراف لینے کے لیے تشدد کا الزام لگایا تھا۔

































