واشنگٹن: امریکہ کے سابق وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی ایک غلط فیصلہ تھا، کیونکہ اس سے پہلے آنے والی ہر امریکی حکومت نے اس آپشن کا جائزہ لیا تھا اور اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ فوجی کارروائی آخری راستہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آپ فوجی کارروائی کرتے بھی ہیں تو ایران کو کچھ عرصے کے لیے پیچھے دھکیل سکتے ہیں، لیکن غالب امکان یہی ہے کہ یہ تاخیر صرف چند سال تک محدود رہے گی۔ بلنکن نے مزید کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مزید گہرائی میں زیرِ زمین منتقل ہو جائے گا، وہ اسے دوبارہ تعمیر کریں گے بلکہ پہلے سے بھی زیادہ پیش رفت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ سے پہلے آبنائے ہرمز کوئی مسئلہ نہیں تھی، اب اسے حل کرنا پڑ رہا ہے، یہ ایک ایسا معاملہ بن چکی ہے جسے حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ حل یا معاہدے کے تحت تقریباً یقینی طور پر ایران کو کچھ نہ کچھ دینا پڑے گا۔ ممکن ہے یہ ادائیگی کسی ایسے محصول کی صورت میں ہو جسے باضابطہ طور پر محصول کا نام نہ دیا جائے۔


































